ایگزیکٹ جعلی کمپنی
پاکستان میں قائم ایک ایسی جعلی کمپنی تھی جس نے جعلی ڈگریاں اور ڈپلوموں کی فروخت کے ذریعے اربوں روپے کمائے اس اوراس حرام کی کمائی ہوئی ناجائز دولت کے بل بوتے پر اپنی ناپاک خواہشات کو پورا کرنے کے لئے پاکستان میں ایک بہت بڑے میڈیا گروپ بول کا اجرا کیا تاکہ پاکستان میں بڑے بڑے لوگوں کو بلیک میل کرکے اور زیادہ رقم حاصل کی جاسکے اور پھر اس حرام کی کمائی کے ذریعے پاکستان پر حکومت کرنے کے خواب کو پورا کیا جاسکے اس سارے سکینڈل کے پیچھے بادی النظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کی کچھ انتہائی طاقت ور شخصیات کا ہاتھ ہے کیونکہ طاقت ور شخصیات کے آشیرباد کے بغیر یہ کام ناممکن نظر آتا ہے اس گہری سازش کے پیچھے کن نادیدہ عناصر کا ہاتھ ہے یہ تو آنے والا بے رحم وقت بتائے گا کیونکہ کچھ عناصر سیاست اور عوام میں اپنی مقبولیت میں انتہا ئی کمی کے بعد یہ اندازہ لگا چکے تھے کہ پاکستان کی سیاست میں اب ان کا مقام ختم ہوچکا ہے اور سیاست کیونکہ ان کا ذریعہ معاش بن چکا تھا اس وجہ سے انہوں نے ایگزیکٹ کو استعمال کرنے کا سوچا اور ان اندیکھے ہاتھوں کی سرپرستی میں جعلی ڈگریوں کی فروخت کا یہ کام دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کرتا رہا

ایگزیکٹ کے آفس سے لاکھوں کی تعداد میں جعلی ڈگریوں اور ڈپلوموں کا برآمد ہونا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ جعلی ڈگریوں کا یہ گھناونا کاروبار انتہائی بڑے پیمانے پر ہورہا تھا اور یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والا یہ کاروبار بغیر کسی بڑی سرپرستی کے ہورہا ہو اور حکومت اس سے بے خبر ہو اور اپنی آنکھیں کبوترکی طرح بند کئے رکھے یقینا حکومت کے علم میں بہت کچھ تھا لیکن افسوس ہمارے عدالتی نظام پر کہ عدالت نے ایگزیکٹ کو سٹے آڈرد کی چھتری فراہم کررکھی تھی اور دوسری طرف حکومت کی سیاسی مصلحتیں بھی نظر آتی ہیں۔
ہمارے ملک میں حکومتیں دُور دُور کی کوڑی تو ڈھونڈھ کر لاتی ہیں لیکن یہ دیکھنا گوارا نہیں کرتیں کہ اُن کی ناک کے نیچے کیا ہورہا ہے اقدام جب اُٹھایا جاتا ہے جب بہت سارا پانی سر سے گزرجاتا ہے یا پھر بیرونی میڈیا میں خبر کی وجہ سے کوئی تہلکہ مچتا ہے بھلا ہو امریکی اخبار کا جس نے ایگزیکٹ آئی ٹی کمپنی کو بے نقاب کیا تو حکومت کو بھی ہوش آیا کہ اب اقدام کرنا پڑے گا ورنہ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ امریکی اخبار میں خبر کی آمد سے پہلے ہی ایگزیکٹ کے خلاف کاروائی عمل لائی جاتی تو کم از کم دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی نہ ہوتی اور پاکستان اور اس کی عوام بہت ساری زحمتوں سے بچ سکتی تھی کیا حکومت کو ایگزیکٹ کے بارے میں علم نہیں تھا یہ ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے اگر حکومت کو ایگزیگٹ کے بارے میں علم نہیں تھا تو پھر اسے حکومت کی ناکامی تصور کیا جاسکتا ہے اور اگر حکومت کو علم تھا تو پھر حکومت نے طاقت ور شخصیات کے خوف سے کاروائی کیوں نہیں کی ظاہر ہے دونوں صورتوں میں حکومت
کو جواب دینا چاہیئے۔
حکومت نے تھوڑی سی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایگزیکٹ کے خلاف مقدمہ تو ایف آئی اے کے ذریعے درج کرادیا ہے لیکن یہ تو عوام کے سامنے سب کچھ ہے اور عوام اپنی کھلی آنکھوں کے ساتھ سب کچھ دیکھ رہی ہے لیکن پسِ پردہ بھی بہت ساری چیزیں چل رہی ہوتی ہیں جن کا علم لوگوں کو نہیں ہوتا اور نہ ہی ہونے دیا جاتا ہے کیونکہ اس قسم کے معاملات میں بہت سارے سیاسی کھیل کھیلے جاتے ہیں، طاقت ور شخصیات کا پریشر الگ ہوتا ہے کچھ لو اور دو کی پالیسی اپنائی جاتی ہے عدالتوں سے مبہم فیصلے آتے ہیں عوام اور میڈیا پر کچھ عرصہ شور مچتا ہے اور پھر معاملہ کسی بھولی بسری یاد کی طرح دبا دیا جاتا ہے اور کسی نئے سکینڈل کا شور مچتا ہے، ٹاک شوز ہوتے ہیں تبصرے ہوتے ہیں الزمات کی بارشیں ہوتی ہیں کمیشن بیٹھتے ہیں، کمیٹیاں بنتی ہیں اور کمیشنوں اور کمیٹیوں کی رپوٹوں اگر مرضی کے مطابق ہو تو شائع کردیا جاتا ہے ورنہ دبا دیا جاتا ہے اور معاملہ ختم سامنے لوگ قربانی کے بکرے بن جاتے ہیں اور پسِ پردہ ڈوریاں ہلانے والے لوگ دُنیا کا مذاق اُڑاتے ہوئے کی نئی مہم اور کسی نئے معرکے کی تلاش میں کسی نئے قربانی کے بکرے کو تلاش کرتے ہیں۔ سب کا کروبار اسی طرح چلتا رہتا ہے اور ہم ترقی --
کی منزل سر کرتے ہیں۔ ترقی زندہ باد ترقی زندہ باد
اس سکینڈل کا سب سے افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ اس میں تعلیم کے ساتھ کھیل کھیلا گیا اور ان لوگوں کو جعلی ڈگریوں سے پیسہ لے کر نوازا گیا جو اہل نہیں تھے اور اُن لوگوں نے پیسے کے بل بوتے پر یہ ڈگریاں حاصل کی اور پھر اپنی سفارش اور کمیشن کی بنیاد پر اعلیٰ عہدوں کو نوکریاں حاصل کیں کیا آ پ تصور کرسکتے ہیں کہ جن لوگوں نے جعلی ڈگریوں اور سفارش کے بل بوتے پر یہ نوکریاں حاصل کی ہونگی کیا وہ اپنی نوکریوں سے انصاف کر سکیں گے کیونکہ انہوں نے غلط راستے اور جعلی ڈگری کے ذریعے نوکری حاصل کی ہوگی تو اس بآت کا قوی امکان ہے کہ وہ مستقبل میں غلط راستہ ہی اپنائیں گے اور اس طرح دنیا کے اس دیمک زدہ معاشرے کو گُھن کی طرح چاٹ جائیں گے اور وہ لوگ جو اپنی محنت اور قابلیت کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں کیا اُن کی حق تلفی نہٰیں ہوگی کیا اُن کے دل و دماغ میں یہ جنگ شروع نہیں ہوجائے گی کہ محنت کا کیا فائدہ جب شارٹ کٹ ہی فائدے کا راستہ ہے تو کیوں نہ شارٹ کٹ ہی اپنایا جائے اور کیا یہ دنیا آہستہ آہستہ اِس قسم کے سلو پوائزن سے جہنم کا شکار نہیں ہوجائے گی لیکن یہ کون سوچتا ہے ہمیں تو ترقی کرنی ہے، بنگلہ چاہیئے، کار چاہیئے، بنک بیلنس چاہیئے اور پہلو میں حور چاہیئے اس کے لئے ہمیں چاہے کتنا ہی غلط کام کیوں نہ کرنا پڑے اس کے لئے ہم تیار ہوجاتے ہیں اور معاشرے کے وہ نیک لوگ جو آٹے میں نمک کے برابر ہیں اپنے وجود سے لڑتے لڑتے تھکتے چلے جارے ہیں لیکن افسوس صد افسوس نقار خانے میں طوطی کی آواز
کوئی نہیں سنتا کیونکہ اس کی آواز دب جاتی ہے یا دبا دی جاتی ہے۔
سچ سے ہم گھبراتے ہیں
جھوٹ کے پیچھے ہم جاتے ہیں
کس منزل کو ہم جاتے ہیں
کونسا رستہ ہم اپناتے ہیں
افسوس! کس کو اپنا دکھڑا روئیں
اس حمام میں تو سب ننگے ہیں
ہمارے بند ذہنوں کو یاروں
دیمک چاٹ گئی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سید محمد تحسین عابدی
No comments:
Post a Comment